ایک سال سے زیر التوا بل کی منظوری امریکی صنعتی پالیسی میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔
واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک سال زیرِ التوا چپس اینڈ سائنس قانون کی منظوری دے دی ہے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایک سال سے زیر التوا بل کی منظوری امریکی صنعتی پالیسی میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ بل کے تحت امریکی سیمی کنڈکٹر کو 52 بلین ڈالر کی سرکاری سبسڈی دی جائے گی جبکہ سائنسی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے 10 سال میں 200 بلین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ایوان اور سینیٹ کے درمیان مہینوں کی بات چیت کے بعد گزشتہ روز کی منظوری نے چپ سازوں کے امریکی پلانٹس کی تعمیر کے منصوبوں پر نظر ثانی کرنے کے بڑھتے ہوئے خطرے کو حل کر دیا ہے۔ ایوان کے اراکین نے بل صدر کو بھیجنے کے لیے ووٹنگ کرائی، بل کے حق میں 243 جبکہ مخالفت میں 187 ووٹ ملے۔ واضح رہے کہ بل کو اب دستخط کے لئے آئندہ آنے والے دنوں میں صدر کے پاس بھیجا جائے گا۔