سدھارتھ نگر

سدھارتھ نگر: موضع کیوٹنوا بانسی میں تحریک اصلاح معاشرہ کی خصوصی میٹنگ کا انعقاد

تحریک اصلاح معاشرہ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی سدھارتھ نگر کی جانب سے تحریک کی برانچ آفس موضع کیوٹنوا بانسی سدھارتھ نگر میں عوام کے ایمان و عقیدے کی حفاظت اور ان کی فلاح و بہبود کے حوالے سے علمائے کرام کی ایک اہم میٹنگ رکھی گئی، جس میں قرب و جوار کے درجنوں علما نے شرکت کی ۔محفل کا آغاز مولانا محمد وسیم فیضی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ نعت و منقبت معروف ثنا خواں مولانا محمد حسین تنویری اور قاری معین الدین فیضی نے پیش کی۔مولانا محمد مستقیم کامل نظامی (استاذ انجمن اسلامیہ سیرت النبی قصبہ بانسی) نے ایمان و عقائد کے حوالے  سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ دور میں اپنے ایمان و عقائد کو مضبوط کرنے ،معاشرہ میں موجود برائیوں سے بچنے اور عوام کو بھی بچانے کی ضرورت ہے اور اس کا فریضہ اللہ تعالی نے ہم علمائے کرام کو عطا فرمایا ہے، لہذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس فریضہ کو صحیح ڈھنگ سے ادا کریں اور عوام کی بے لوث خدمت کریں۔ 

اس کے بعد حضرت علامہ ریحان رضا (مہتمم دارالعلوم غوثیہ نظام العلوم بلوہا بازار ) نے اپنے خصوصی خطاب میں تحریک کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت سے کام تحریک سے جڑ کر ہی کر سکتے ہیں تنہا ہمارے لۓ مشکل ہوتا ہے، مزید انہوں نے علما اور عوام سے اس بات کی اپیل کی کہ تحریک اصلاح معاشرہ کا مقصد عوامی فلاح و بہبود ہے،اور یہ کام اس وقت ممکن ہو پاۓگا جب اس تحریک کو آپ لوگوں کی حمایت حاصل ہوگی، لہذا اس تحریک سے جڑیں اور اسے کامیاب بنانے میں ہماری مدد کریں ۔

 شہزادۂ حجۃ العلم حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری محمد فضل حق نوری نے تعلیم کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ مدارس و مکاتب میں تعلیم کا گرتا ہوا معیار بیحد تشویشناک ہے ، ہمیں اس گراف کو بلند کرنے کی اور تعلیمی میدان میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، آخر میں حضرت مفتی محمد حسین فیضی ( بانی تحریک اصلاح معاشرہ) نے تحریک کے اغراض ومقاصد پر ایک تفصیلی گفتگو فرمائی ، حضرت مفتی غلام محمد صدیقی فیضی ( تحریک کے رکن عظیم اور روح رواں ) نے تمام علما و ائمہ کرام اور جملہ شرکاء کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اور پھر حافظ و قاری سید ابرار احمد کی دعا پر محفل کا اختتام ہوا اس موقع پر مولانا انعام اللہ صدیقی،مولانا مستقیم احمد اشرفی،مولانا احمد اشرف،مولانا مظفر حسین،مولانا جمیل احمد،مولانا محمد احمد،مولانا بدرالدین مصباحی،مولانا علاء الدین،مولانا انوار احمد علوی،مولانا شان اللّٰہ،مولانا نعیم فیضی، سید عامر علی،قاری محمد رضا قاری نورالحسن قاری محمد شفیع اور ان کے علاوہ دیگر علما و حفاظ موجود رہے۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے