علی گڑھ

مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد علی گڑھ میں یومِ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ منعقد

( علی گڑھ 26/جولائی، ضیاءالرحمن) کل ہند انجمن اصلاح معاشرہ اہل سنت و جماعت علی گڑھ کی جانب سے خلیفہ دوم امیرالمومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالٰی عنہ کی یاد میں مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد وحید نگر علی گڑھ میں حضور سید محمد امان میاں قادری کی صدارت میں یومِ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالٰی عنہ کا انعقاد ہوا. محفل کا آغاز مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد کے طالب علم محمد بلال کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا. اس کے بعد نعت ومنقبت معروف ثناء خواں مولانا سید اوصاف علی مجددی، سید رہبر علی، محمد بلال، حسن رضا نے پیش کی.
مولانا غلام مرسلین اشرفی(استاذ مدرسہ اصلاح معاشرہ) نے سیرت حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں کہ جن کی اسلام کے لئے روشن خدمات، جرات و بہادری، عدل و انصاف پر مبنی فیصلوں، فتوحات اور شاندار کردار اور کارناموں سے اسلام کا چہرہ روشن ہے.

مولانا ساغر جمیل مرکزی(استاذ مدرسہ اصلاح معاشرہ) نے کہا کہ حضرت عمر فاروق باعظمت، انصاف پسند اور عادل حکمران تھے، ان کی عدالت میں مسلم و غیر مسلم دونوں کو یکساں انصاف ملا کرتا تھا۔ مزید انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر کسی کو کامیاب حکمرانی کرنی ہو تو اسے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دورِ خلافت کو مطالعہ کرنا ہوگا.

ناظم محفل مولانا ضیاءالرحمن امجدی( استاذ مدرسہ اصلاح معاشرہ) نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ بے شمار کمالات کے حامل اور بے شمار خوبیوں کے مالک تھے۔ آپ زہد و تقویٰ کے پیکر، بہادری اور دلیری کے مظہر اور عدل و انصاف کے خوگر تھے۔ آپ کے عدل و انصاف کا اعتراف نہ صرف اپنے بلکہ غیر بھی کرتے ہیں، مزید انہوں نے کہا کہ مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد میں الحمدللہ دینی و اصلاحی پروگرام منعقد ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے طلباء کے اندردینی و تعلیمی بیداری پیدا ہو رہی ہے.
صلاۃ و سلام کے بعد پروگرام کا اختتام ہوا
اس موقع پر مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد کے اساتذہ اور طلباء کرام موجود تھے .

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے