موسمیاتی تبدیلی صرف ایک لفظ یا علامت نہیں ایک واضح اور موجود خطرہ ہیں۔امریکی صدر جوبائیڈن کا تقریب سے خطاب
واشنگٹن(نمائندہ فضل محمد) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے موسمیاتی تبدیلیوں کو قومی سلامتی کےلئے خطرہ قرار دےتے ہوئے،ماحولیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے امریکی انفراسٹرکچر کی تعمیر میں مدد کے لیے 2ارب 30 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سمیت اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔جوبائیڈن نے ریاست میساچیوسٹس میں کوئلے سے چلنے والے ایک متروکہ بجلی گھر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ان کی انتظامیہ اراکینِ کانگریس کے ساتھ یا ان کے بغیر جو بھی ضروری ہوا کرے گی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک لفظ یا علامت نہیں، ایک واضح اور موجود خطرہ ہے، ہمارے شہریوں اور ہماری کمیونٹیز کی صحت صحیح معنوں میں دا ﺅپر لگی ہوئی ہے، ہماری قومی سلامتی بھی دا ﺅپر لگی ہوئی ہے اور ہماری معیشت خطرے میں ہے اس لیے ہمیں کام کرنا ہوگا۔ امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ کانگریس اس طرح کام نہیں کر رہی ہے جیسا کہ اسے کرنا چاہیے، یہ ایک ہنگامی صورتحال ہے اور بطور صدر وہ اپنے انتظامی اختیارات کو موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے استعمال کریں گے،تاہم امریکی صدر نے باضابطہ طور پر موسمیاتی ایمرجنسی کا اعلان نہیں کیا جس سے ان کو اضافی پالیسی اختیارات ملتے ہیں۔موسمیاتی ایمرجنسی لگانےکے حوالے سے صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ جلد ہی اس کا فیصلہ کریں گے، خیال رہے کہ شدید گرمی کی لہر نے اس وقت متعدد امریکی ریاستوں اور یورپ کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔