مالیگاؤں: احادیث طیبہ میں تعمیر مساجد کے حوالے متعدد نویدیں وارد ہوئی ہیں۔مساجد کی آنکھ کان کا ذکر بھی ملتا ہے؛ جو اپنے مصلیان کی گواہی بروز قیامت دیں گے۔ اللہ کے گھر کی تعمیر میں اپنا مال، وقت یا کسی بھی طریقہ سے تعاون کرنا خوش نصیبی کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار عید الاضحٰی کے روز 10- جولائی 2022ء کو حیات ہوٹل و اسٹار ہوٹل کے پیچھے، جامعہ تاج الشریعۃ آل مصطفٰی کے پاس درے گاؤں (مالیگاؤں) میں مسجد اہل سنت ہاجرہ شاہ جیلاں کی افتتاحی تقریب میں خطیب اہل سنت مفتی نورالحسن مصباحی رضوی نقشبندی چشتی نے کیا۔ از ایں قبل مفتی موصوف نے نماز عصر کی امامت سے مسجد کا افتتاح کیا؛ جب کہ مسجد ہٰذا کی زمین وقف کرنے والے محترم ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب نے اقامت کہی۔
مخیر قوم و ملت معمار مساجد کثیرہ الحاج عبدالمجید رضوی بکھار والے کی صدارت میں منعقدہ اس پر وقار تقریب کا آغاز مولانا حافظ محمد صدیق رضا نے تلاوت کلام الٰہی سے کیا۔ مداح رسول امتیاز رضا صابری و احباب نے نعت پاک پیش کی؛ نیز مداح رسول عبداللہ رضا قادری نے بھی حمدیہ و نعتیہ کلام پیش کیے۔ مصباحی صاحب نے مسجد کے قیام کے پس منظر کے ضمن میں اس مقام پر مسجد کی ضرورت اور انتہائی کم وقت میں اس کی تعمیر کے حوالے سے بتایا کہ الحاج عبدالمجید بکھار والے کی دلچسپی اور ان کے رفقاے کار نیز ادارہ اصحاب صفہ و جامعہ تاج الشریعۃ آل مصطفٰی اور ادارہ سلطان الہند کے اعوان و ارکان کی محنتوں سے یہ مسجد صرف نَو دنوں میں تعمیر ہوئی۔ اس سلسلہ میں مسجد کی تعمیر کے حوالے سے غیر معمولی تعاون کرنے والے حضرات نیز دیگر عمائدینِ اہل سنت کا استقبال کیا گیا۔ جن میں مذکورہ بالا حضرات کے علاوہ الحاج عبدالرؤف تابانی، الحاج احمد رضا، حامد رضا سر، معراج سر، محمد مسعود تابانی، حافظ عمر فاروق رضوی، الحاج انور سیٹھ بھیونڈی والے وغیرہ شامل ہیں۔جب کے متعدد سنی تنظیموں کے ارکان بھی شریک بزم رہے؛ ان میں ادارہ اصحاب صفہ، جامعہ تاج الشریعہ آل مصطفٰی، ادارہ سلطان الہند، جیلانی مشن، سنی واریئر گروپ، بزم رضائے، انجمن سرکار مفتی اعظم و اطراف کے سنی نوجوانوں نے بارش کیچڑ اور تہوار کے باوجود بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس طرح کی تحریری اطلاع جیلانی مشن مالیگاؤں کے شعبۂ نشر و اشاعت سے موصول ہوئی۔
