گستاخ رسول و گستاخ اہلِ بیت نپور شرما کے خلاف کل بروز پیر بھیونڈی کے علمائے کرام پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے ڈی سی پی یوگیش چوہان سے ملاقات کی اور نپور شرما کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالباتی مکتوب سونپا، وفد میں شہر بھیونڈی کے نائب قاضی حضرت مولانا محمد فخرالدین حشمتی، مفتی محبوب رضا مصباحی، مولانا توفیق خان رضوی، شکیل رضا، شرجیل رضا اور دیگر علمائے اہلِ سنت، جناب طارق عمر خان عرف وکی، جاوید کرن وغیرہ شامل تھے۔ ڈی سی پی سے دوٹوک انداز میں بات کرتے ہوئے مولانا فخرالدین حشمتی صاحب نے کہا "یہ سنجیدہ علمائے کرام کا وفد ہے جو بڑی خاموشی سے اپنا مطالبہ آپ کے سامنے رکھنے آیا ہے،مگر آپ سے گزارش ہے کہ اسے سرد خانے میں نہ ڈالا جائے بلکہ نپور شرما پر سخت کاروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا جائے کیونکہ اس نے نہ صرف بھیونڈی کی عوام بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو مشتعل کرنے کا کام کیا ہے،ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن اپنے نبیﷺ کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتے۔اگر نپور شرما پر کاروائی نہ ہوئی تو ملک کے ساتھ ساتھ بھیونڈی شہر کا امن و امان بھی خراب ہوگا”۔
ڈی سی پی یوگیش چوہان نے وفد کی ساری باتوں کو سننے کے بعد کہا کہ جب بھی کوئی مذہبی جذبات کو مجروح کر کے عوام کو بھڑکا کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے تو مجھے بھی بہت افسوس ہوتا ہے اور ڈی سی پی یوگیش چوہان نے مزید بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اور بزرگوں کی شان میں گستاخی کرنے والوں پر قانونی کاروائی ضرور ہوگی۔ ڈی سی پی یوگیش چوہان نے نے فوراً مغربی حلقہ کے اے سی پی کو فون کرکے نپور شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ چنانچہ مولانا فخرالدین حشمتی مفتی محبوب رضا مصباحی، مولانا توفیق خان رضوی و دیگر علمائے اہلِ سنت اور شرجیل رضا جاوید کرن وغیرہ نے کمہار واڑہ پولس اسٹیشن میں جاکر نپور شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔