ایم۔پی۔

طیبہ کالج کے طلبہ بی کام فائنل ایئر امتحان میں امتیازی نمبرات کے ساتھ ہوئے کامیاب

اندور: 28 مئی
دینی و عصری تعلیم کا حسین امتزاج اور اندور کا مشہور و معروف ادارہ "طیبہ دعوہ کالج، اندور” کے طلبہ نے "دیوی اہلیہ بائی یونیورسٹی، اندور” کے بی کام فائنل ایئر امتحان میں منفرد المثال کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس ادارے سے کل 9 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی تھی اور تمام طلبہ نے ہی 80 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کیے۔ فیض قریشی 86.22، اویس خان 86.10، عبد المبین خان 85.26، اسلم انصاری 83.25، نہال اشرفی 83، محمد مجیب الدین 82.80، اوصاف حیدر 82.66، ناظم احمد 81.3 اور ثناء المصطفیٰ نے 80.81 فیصد کے ساتھ بالترتیب پہلا، دوسرا، تیسرا، چوتھا، پانچواں، چھٹا، ساتواں، آٹھواں اور نواں مقام حاصل کیا۔ اس عظیم کامیابی سے جہاں تمام طلبہ اور اساتذہ خوش ہیں وہیں طیبہ کالج کا ہر طرف چرچا ہو رہا ہے کہ اس ادارے نے بہت ہی قلیل مدت میں جو نمایاں کارکردگی انجام دی ہے اس کی مثال مدھیہ پردیش کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ مزید خوشی کی بات یہ ہے کہ اسی سال اس کالج سے کل 12 طلبہ عالم اور گریجویٹ بن کر نکلے، جن میں سے 8 طلبہ اعلیٰ تعلیم کی تحصیل کے لیے جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ، کیرالا کے دو سالہ کورس کلیہ اللغہ العربیہ میں زیر تعلیم ہیں اور 4 طلبہ سماجی خدمات میں سرگرم ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 2018 سے لے کر اب تک یونیورسٹیوں،کالجوں اور اسکولوں کے تمام بورڈ امتحانات میں طیبہ کالج کے طلبہ نے حیران کن صد فیصد کامیابی حاصل کی ہے. یہ ادارہ ایم پی کی سر زمین پر دینی اور عصری تعلیم کا حسین سنگم ہونے کی حیثیت سے ایک منفرد پہچان رکھتا ہے، جہاں بیک وقت ایک ہی چھتری کے نیچے عصریات میں گریجویشن اور دینیات میں مدارس اسلامیہ کے نصاب کے مطابق عالمیت تک کی تعلیم بالکل مفت دی جاتی ہے۔ یہ ادارہ اپنے ابتدائی دور سے ہی اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ طلبہ کو زمانے سے ہم آہنگ کرکے ان کے اندر ایسی صلاحیتیں پیدا کی جائیں، جن سے وہ عہد جدید کے تقاضوں کے مطابق کھرے اتر سکیں، مختلف شعبوں میں قوم و ملت کی نمائندگی کرنے کے قابل ہوں، مدارس میں پڑھانے اور مساجد میں امامت و خطابت کی ذمہ داری سنبھالنے کے ساتھ ساتھ جدید عصری تعلیم گاہوں میں تدریسی فرائض انجام دینے کے لائق ہوں۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے