مہراج گنج

امتحان سینٹر ہونے کے باوجود بھی طالبات کے لئے نہیں بنایا گیا ہوم سینٹر

14/ مئی سے 23/ مئی تک چلیں گے اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے امتحانات

ضلع میں بنائے گئے ہیں 12/ امتحان سینٹر

شبیر احمد نظامی
مہراج گنج، ہماری آواز

اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے تحت سیکنڈری، سینئر سیکنڈری، کامل اور فاضل کے امتحانات 14/ مئی 2022 سے شروع ہو کر 23/ مئی 2022 کو مکمل ہوں گے۔ اس سال ضلع میں کل 12/امتحانی سینٹر مقرر کیے گئے ہیں۔ جس میں دارالعلوم اشاعت الاسلام کوٹوا پپریا پرتاول چوک، مدرسہ جامعہ رضویہ نورالعلوم بسمل نگر سول لائن مہراج گنج، مدرسہ اہل سنت مفتاح القرآن بیجولی پوسٹ شیام دیورواں، مدرسہ عربیہ عزیزیہ مظہر العلوم نچلول بازار، مدرسہ معین الاسلام چھتونا پوسٹ میگھولی کلاں، الجامعۃ النظامیہ شکرولی سنولی بازار، مکتب جامعہ عربیہ سراج العلوم نوتنواں، مدرسہ جامعۃ الصالحات گرلس کالج مغلہا پوسٹ بھگیرتھ پور، مدرسہ عربیہ سعید العلوم یکما ڈپو پوسٹ لکشمی پور، دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڑھ، مدرسہ عزیزیہ اشاعت العلوم میر شکاری محلہ عظمت نگر سسواں بازار، جامعہ عربیہ نورالعلوم گوپال پور برجمن گنج کو امتحان سینٹر بنایا گیا ہے۔ اس وقت ریاستی حکومت مدرسے کی تعلیم کو ثانوی تعلیم کے طرز پر بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ جبکہ مدرسہ کی طالبات کے ساتھ حکومت کے افسران سوتیلے سلوک سے پیش آ رہے ہیں۔
مذکورہ امتحان سینٹر ہونے کے باوجود وہاں کے طالبات کا ہوم سنٹر نہیں بنایا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے طالبات کو طویل فاصلہ طے کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
قاری محمد غیاث الدین خان نوری پرنسپل مدرسہ جامعۃ الصالحات گرلس کالج (18708) مغلہا، پوسٹ بھگیرتھ پور نے نمائندہ کو بتایا کہ مذکورہ مدرسہ اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ سے کامل تک منظور شدہ ہے۔ ساتھ ہی مدرسہ جامعۃ الصالحات گرلس کالج طالبات کے لیے ہاسٹل بھی ہے۔ مہراج گنج ضلع کے علاوہ گورکھپور، کشی نگر، سنت کبیر نگر اور سدھارتھ نگر کی طالبات بھی مذکورہ بورڈ امتحان میں شامل ہو رہی ہیں۔ جن کی تعداد تقریباً 130 ہے۔ مذکورہ مدرسہ کی طالبات کے امتحان سینٹر کو مدرسہ عربیہ سعید العلوم یکما ڈپو کے امتحان سینٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جو لڑکیوں کے لیے بہت ہی تکلیف کی بات ہے نیز طالبات کے لیے مشکلات کا باعث بھی بن گیا ہے۔
طالبات کو درپیش مشکلات کے پیش نظر آل انڈیا ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ مہراج گنج یونٹ کے ضلع صدر مولانا غیاث الدین خان نظامی نے طالبات کے مفاد میں ضلع اقلیتی فلاح و بہبود افسر، رجسٹرار/انسپکٹر اور چیئرمین اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ سے دوبارہ غور کرنے کو کہا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر اس پر نظر ثانی نہیں کی گئی تو یہ طالبات کے مفاد میں غلط فیصلہ ہے۔ جس کی وجہ سے طالبات کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے