شبیر احمد نظامی
مہراج گنج/فتح پور بارہ بنکی
ہماری آواز
مسعودیہ جامع مسجد وارث نگر فتح پور بارہ بنکی یوپی میں کل بعد نماز عشاء ایک محفل جشن تراویح بتکمیل قرآن پاک حافظ محمد راشد رضا متعلم مدرسہ رضویہ غوث العلوم وارث نگر کے مکمل سنانے پر منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز حافظ محمد سلمان رضا نوری کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت رسول ﷺ پیش کیا۔ اس موقع پر بہترین خطاب حافظ محمد سمیع احمد نے نوازا۔ انہوں نے کہا جیسا کہ رمضان المبارک کا بابرکت ماہ ہمارے درمیان سے کچھ دنوں میں رخصت ہونے والا ہے۔ لیکن یاد رکھیں اس کے جانے سے ایمان والوں کو بے حد افسوس ہوتا ہے۔ حدیث میں ہے کہ سرکارِدوعالمﷺ نے فرمایا کہ اگر ہماری امت کو رمضان المبارک کی فضیلت کا اندازہ ہو جائے تو تمنا کرتی پورے سال رمضان ہوتا۔ مزید انہوں نے کہا آج ہمیں لہو و لعب کو چھوڑ کر امور خیر پر سختی سے عمل کی ضرورت ہے۔ حافظ و قاری محمد شبیر رضا نوری ناظم اعلیٰ مدرسہ رضویہ غوث العلوم وارث نگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اللہ کی سچی کتاب ہے۔ یہ اللہ کا پیغام اپنے بندوں کے نام ہے۔ اس سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کے زنگ اترتے ہیں۔ قرآن مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت اور ثواب ہے۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ ہماری اکثریت تلاوت قرآن مجید سے غافل ہے۔ دنیا کے کاموں میں اپنا وقت لگانے سے گریز کرتے ہیں۔ جبکہ تلاوت قرآن کے لئے وقت نہیں ملتا کا بہانہ کیا جاتا ہے۔ یقین جانیں تلاوتِ قرآنِ پاک سے اللہ وقت میں برکت ڈالتا ہے۔ آج سے یہ عہد کریں کہ انشا ء اللہ قرآن مجید کی تلاوت کے لئے روزانہ وقت نکال کر کم از کم دو تین رکوع تلاوت کریں گے اور اس کو سمجھیں گے۔ اس کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں تا کہ پتہ چلے اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کیا فرماتا ہے۔رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” تم قرآن پڑھو اس لئے کہ قرآن قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کے لئے سفارشی بن کر آئے گا۔ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ قرآن کی سفارش کو قبول کیا جائے گا۔ قرآن کو پڑھنے کے بعد اس کو اپنی عملی زندگی میں لانے والوں کے لئے بھی جھگڑا کرے گا اور نجات دلائے گا۔ رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” قیامت کے دن قرآن اور قرآن والے جو اس پر عمل کرتے تھے ان کو لایا جائے گا۔ سورۃ بقرہ اور آل عمران پیش پیش ہوں گی اور اپنے پڑھنے والوں کی طرف سے جھگڑا کریں گی۔ محفل میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جس میں خاص کر محمد نسیم انصاری صدر جماعت رضائے مصطفیٰ شاخ تحصیل فتح پور، محمد ہارون ، محمد رئیس، محمد ارشاد ، تجمل حسین، عبد الوکیل، محمد شمیم، محمد کامل وغیرہ محفل کا اختتام صلاۃ و سلام وقاری موصوف کی دعاء پر ہوا شرینی بھی تقسیم کی گئی۔