زخمی ہونے والے فلسطینی لڑکوں کی عمریں بالترتیب 16 اور 19 برس ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 18 سالہ فلسطینی شہید اور 3دیگر زخمی ہو گئے۔زخمی ہونے والے لڑکوں کی عمریں بالترتیب 16 اور 19 برس ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے صبح سویرے جنین کیمپ پر دھاوا بولا۔جھڑپوں کے دوران 4نوجوان شدید زخمی ہوئے،جن میں 18سالہ احمد محمد مساد دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ سوشل میڈیا پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان مسلح جھڑپوں کے وڈیو کلپ جاری کیے گئے ہیں۔ ادھر اسرائیلی فوج نے واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیت وزیر خارجہ یائر لیپید اور وزیر دفاع بینی گینٹس اندرونی سیاسی بحران کے نتیجے میں غیر ملکی دورے معطل کردیے۔ اسرائیل ہیوم نے تینوں وزرا کے دفاتر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہم سیاسی دورے کے لیے 3دن درکار ہوتے ہیں اور وہ ان مخدوش حالات میں ملک سے غیر حاضر رہنا نہیں چاہتے۔ اخبار نے مزید کہا کہ اتحاد کے لیے اکثریت کی عدم موجودگی اور ہر روز حکومت کے گرنے کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں۔ بینیت اور گینٹس کو حال ہی میں بھارت کا اہم دورہ کرنا تھا ، لیکن اسے وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ فلسطین میں کشیدگی کی لہر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ یامینا پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن کنیسٹ ادیت سلمین نے حال ہی میں استعفا دینے کا اعلان کیا تھا۔