موریہ کے ذاتی سیکرٹری ارمان خان اور اس کے چار ساتھیوں کو نرکری دلانے کے نام پر نوجوانوں کو ٹھگنے کے الزام میں حضرت گنج علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔
لکھنؤ:(ابوشحمہ انصاری)اتر پردیش کے سابق وزیر و سماج وادی پارٹی (ایس پی) لیڈر سوامی پرساد موریہ کے پرائیویٹ سکریٹری کو پولیس کے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے دھوکہ دھڑی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق موریہ کے ذاتی سکریٹری ارمان خان اور اس کے چار ساتھیوں کو نوکری دلانے کے نام پر نوجوانوں کو ٹھگنے کے الزام میں حضرت گنج علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس ٹی ایف نے ملزمین کے قبضے سے موبائل فون، بینک چیک بک، جعلی تقرری نامہ سمیت دیگر دستاویزات برآمد کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ارمان کا گروہ سرکاری نوکری دلانے کے نام پر بے روزگاروں سے موٹی رقم وصول کر تھا اور انہیں نقلی تقرری نامہ دے کر گمراہ کیا جاتا تھا۔ گروہ کے نشانے پر زیادہ تر پوروانچل کے غریب نوجوان ہوتے تھے۔ پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے اور اس سلسلے میں کچھ اور لوگوں کا پتہ لگایا جارہا ہے۔