ایم۔پی۔

ایم پی کی تاریخ میں منفر دالمثال کارنامہ: 12طلبہ نے گریجویشن کرنے کے ساتھ ساتھ عالم کورس بھی کیا مکمل

اندور(ایم۔پی۔): 30 مارچ، ہماری آواز
دین و دنیا کا حسین سنگم اور اندور کا مشہور و معروف ادارہ “طیبہ دعوہ کالج ،اندور”میں پہلا جشن دستار علم وفضل بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا ،اس تقریب سعید میں کل 12؍طلبہ کو عصریات میں گریجویشن اور دینیات میں عالم کورس کی تعلیم مکمل کرنے پرگرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابو بکر صاحب ،کیرالہ اور مفتی مالوہ مفتی محمد نور الحق نوری صاحب کے مبارک ہاتھوں سے دستار علم و فضل سے نوازا گیا۔مفتی مالوہ صاحب نے طلبہ کو وعظ و نصیحت کرتے ہوئے فرمایاکہ : عزیز بچو! اب آپ عالم بن چکے ہیں،آپ کے سروں پر یہ دستار اس لیے باندھی گئی ہے تاکہ اب آپ ذمہ دار بن جائیں، قوم وملت کے لیے سوچنا شروع کر دیں۔مزید انھوں نے کہا کہ اپنے ادارے سے ہمیشہ جڑے رہیں کیوں کہ جب پھول اپنے درخت سے الگ ہو جاتا ہے تو اس کی قدر و قیمت کم ہوجاتی ہے۔
طیبہ کالج کے طالب علم تنویر احمد نے قرآن پاک کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز کیا، نظامت ظہور مصباحی نےکی ۔طیبہ کالج کے ڈائریکٹر مولانا ابو بکر صدیق نورانی نے ادارے کے قیام کا مقصد واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی بنیاد اس لیے ڈالی گئی ہے تاکہ طلبہ کو بیک وقت ایک ہی چھت کے نیچے دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی دی جائے۔ پروگرام کے اخیر میں سنی ویلفئر کمیٹی،اندور کے منیجر سید ناظم علی صاحب نے ہدیۂ تشکر پیش کیا۔
قارئین کی جانکاری کے لیے بتا دوں کہ مدھیہ پردیش میں طیبہ کالج اپنی نوعیت کا منفرد المثال ادارہ ہے، اس ادارے میں طلبہ کو پورے 8؍سال میں گریجویشن کرانے کے ساتھ مکمل عالم کورس بھی کرایا جاتا ہے۔ ایم پی کا یہ ایک ایسا منفرد المثال ادارہ ہے جہاں بچوں کو ہائی لیبل تک دین و دنیا دونوں کی تعلیم ایک ساتھ دی جاتی ہے۔

اس ادارے میں داخلہ کے سلسلہ جاری ہے۔ خواہش مند حضرات اس نمبر پر رابطہ کریں8889995739

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!