مارہرہ شریف/ایٹہ: 15مارچ، ہماری آواز(امجدی)
١٣ /مارچ ٢٠٢٢ء بروز اتوار کو رئیس القلم علامہ یسین اختر مصباحی صاحب قبلہ کی جامعہ احسن البرکات (مارہرہ شریف) میں تشریف آوری ہوئی اس موقع پہ بعد نماز عشا حضور رفیق ملت حضرت سید شاہ نجیب حیدر نوری دام ظلہ العالی کی سرپرستی میں جامعہ کے کانفرنس ہال میں محفل منعقد ہوئی ـ
محفل کا آغاز محمد ثاقب احسنی کی تلاوت قرآن پاک اور محمد توصیف احسنی کے نعتیہ کلام سے ہوا، جامعہ کے پرنسپل مولانا محمد عرفان ازہری صاحب نے مہمان خصوصی علامہ یس اختر مصباحی صاحب کا تعارف پیش کرتے ہوئے آپ کی گراں قدر دینی و علمی خدمات سے روشناس کرایا۔
بعدہ حضور رفیق ملت دام ظلہ العالی نے اپنے ناصحانہ خطاب میں ہم طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: کامیابی و کامرانی ان لوگوں کو ملتی ہے جو مسلسل محنت و مشقت کرتے ہیں، جس ادارے میں جانا وفادار بن کر محنت و لگن سے کام کرنا، قلم کی طاقت بہت بڑی طاقت ہے اپنے قلم میں طاقت پیدا کرو، کسی مالدار سے مرعوب مت ہونا، اللہ تعالیٰ نے آپ کو دولت علم سے نوازا ہے جو ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتی بس اس کو محفوظ رکھنا،نیز آپ نے فارغین جامعہ سے فرمایا: نمازوں کی پابندی کرتے رہنا، مسلک اعلی حضرت پر قائم و دائم رہنا یہ وہی مسلک ہے جو ہمارے آباؤ اجداد کا مسلک ہے۔
اس کے بعد مولانا یسین اختر مصباحی صاحب نے خطاب کیا، دوران خطاب آپ نے موجودہ دور کے علمی و تعلیمی شجرے پہ بھرپور روشنی ڈالی اور یہ واضح کیا کہ بر صغیر میں جو بھی دینی مدارس ہیں اور جو بھی علما ہیں ان کا علمی شجرہ مارہرہ شریف تک ضرور پہنچتا ہے، حضرت آل رسول احمدی مارہروی رَحْمَۃُاللہ عَلَیْہِ سے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی اور ان سے صدر الشریعہ مولانا امجد علی اعظمی اور پھر ان کے تلامذہ اور تلامذہ کے تلامذہ کی وساطت سے بھی کا سلسلہ مارہرہ شریف تک پہنچتا ہے۔
آپ نے فارغ ہونے والے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حضور حافظ ملت کی زندگی کو مشعل راہ بناؤ، کامیابی تمہارے قدم چومے گی ۔ نیز آپ نے طلبہ کو تحریر و قلم کی طرف بھی راغب کیا۔
بعدہ مولانا محمد عرفان ازہری صاحب نے تشریف لائے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا صلاة و سلام پڑھا گیا اور حضور رفیق ملت دام ظلہ العالی کی دعا پہ اس روحانی محفل کا اختتام ہوا۔
اللہ رب العزت ہمیں دولت علم و عمل سے نوازے اور جامعہ احسن البرکات کو دن دونی رات چونگی ترقی عطا فرمائے۔
