گل گلزارِ اشرفیت وقادریت قائد ملت شہزادہ شہیدِ راہ مدینہ حضرت علامہ سید الشاہ معین الدین اشرف معین میاں سجادہ نشین آستانہ عالیہ کچھوچھہ مقدسہ ۔ و شہنشاہِ بلاغت شہزادہ اجمل العلماء حضرت علامہ سید احمد اشرف اشرفی الجیلانی ولیعہد آستانہ عالیہ جہانگیریہ کچھوچھہ مقدسہ کے ہاتھوں 4 چار حفاظ کرام کی دستار بندی ہوئی۔
مورخہ 13 مارچ 2022ء مطابق 9 شعبان المعظم بروز اتوار بعد نماز عشاء دارالعلوم مخدوم سمنانی شل پھاٹا ممبرا میں ایک عظیم الشان جلسہ دستار بندی کا پروگرام منعقد ہوا ۔ جس میں حضرت مولانا ارباب احمد فاروقی صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ قرآن مجید میں انسانیت کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا حل موجود ہے۔
قرآن فصاحت وبلاغت کا آئینہ دار ہے اور اس کا ہر لفظ معجزہ ہے یہ وہ عظیم کتاب ہےکہ اس کا رشتہ جس سے بھی منسلک ہوتا ہے وہ تمام چیزوں میں معزز ومکرم ہوجاتا ہے۔
شہزادہ اجمل العلماء حضرت علامہ سید احمد اشرف صاحب کچھوچھوی نے فرمایا کہ قابلِ مبارک باد ہیں وہ والدین جنھوں نے اپنے بچوں کو قرآن کی تعلیم دی حفظ قرآن اللّٰہ کی ایک عظیم نعمت ہے۔
قائد ملت معین المشائخ حضرت علامہ سید معین الدین اشرف اشرفی الجیلانی کچھوچھوی اطال اللّٰہ عمرہ وشرفہ نے اپنے دست مبارک سے بچوں کے سروں پر دستارِ حفظ سجاتے ہوئے فرمایا کہ آج جن کے سروں پر دستار باندھی گئی ہیں خدا ان سے خوش ہوتا ہے اور اپنے ناموں میں سے ایک نام ۔ حافظ ۔ ان کے ساتھ جوڑ دیتا ہے یہ ایک بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ جو ہرانسان کو نصیب نہیں ہوتا ۔ حضرت معین ملت نے مزید فرمایا کہ آج عالمی سطح پر جو کورونا وائرس کی وبا عام ہے وہ عذابِ الہٰی کی ایک شکل ہے اور یہ اللّٰہ کی جانب سے آئی ہے اس لئے ہمیں رجوع الی اللہ کرنا چاہیے اور احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنی چاہیے ۔
حضرت مولانا جمال احمد صدیقی اشرفی بانی ادارہ نے اپنے خطبہ صدارت میں کہا کہ آج ہمیں اصلاح کرنے کی ضرورت ہے صرف عبادت کا نام دین نہیں بلکہ معاملات معاشرت بھی درست کرنا چاہیے ۔ محافظ ناموسِ رسالت مجاہد سنیت الحاج محمد سعید نوری بانی رضا اکیڈمی ممبئی نے فرمایا کہ یہ مدارس ومکاتب جب تک قائم رہیں گے تب تک خدا کے نام لینے والے پیدا ہوتے رہیں گے اور اس سے نکلنے والی کرن اور شعائیں جہالت کی تاریکیوں کو ختم کرتی رہیں گی اور اسلام کا بول بالا ہمیشہ قائم ودائم رہے گا ۔ جلسہ کو مداح خیرالانام غلام نور مجسم اور عندلیبِ گلشنِ رسالت عمیر اشرفی نے نعت ومنقبت سے محظوظ کیا ۔ مولانا قاری دلشاد فاروقی کی نظامت میں منعقدہ جلسہ میں مولانا نسیم رضا فیضی صدرالمدرسین ادارہ ہذا نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مدرسہ کی تعلیمی رپورٹ پیش کی اور اللّٰہ رب العالمین سے تعلق مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق ہی ہرمسئلہ کا حل ہے۔
اس موقع پر نمایاں شخصیتوں میں مولانا ہدایت اللّٰہ خان قادری سرپرست ادارہ ۔ مولانا محفوظ الرحمٰن علیمی ۔ مولانا قاری عبدالجبار خان قادری جوگیشوری ۔ مولانا غلام معین الدین چشتی ۔ مولانا الطاف حسین لطیفی ۔ مولانا طاہر حسین۔ مولانا شمش اللقاء فیضی ۔ مولانا برکت علی فیضی ۔مولانا محمد سعید قادری کرلا ۔ ودیگر علاقائی علمائے کرام کے ساتھ ساتھ محب گرامی سید جعفر سماجی کارکن ۔ اجے شیام موریہ ۔ ادارے کے ذمہ داران میں محمد فاروق شاہ حشمتی۔ محبوب علی خان ۔ کمال احمد ۔ کلام احمد ۔ پپو بھائی ۔ محمد رضوان ۔ شفیع اللّٰہ چودھری ۔ ودیگر حضرات بھی شامل رہے۔