کھیل کھلاڑی

اسمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور کے بعد گیندبازوں کی زبردست واپسی سے بھارتی خاتون کرکٹ ٹیم کی دھماکے دار جیت

ہیملٹن(نیوزی لینڈ) 12 مارچ
ہیملٹن کے سیڈن پارک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے خواتین عالمی کپ کے دسویں مقابلے میں بھارتی خاتون کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو اپنے تیسرے مقابلے میں 155 رنوں کی زبردست شکست دے دی ہے۔ اپنے پچھلے مقابلے میں نیوزی لینڈ سے شکست کھانے والی بھارتی خاتون کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، حالاں کہ 6.3 اوورز میں 49 رنوں کی اچھی شروعات کے بعد بھی ایک وقت خاتون کرکٹ ٹیم لڑکھڑا رہی تھی جب 78 رنوں پر کپتان متھالی راج سمیت ڈپٹی شرما بھی آؤٹ ہوگئی تھی تاہم اس کے بعد اوپنر اسمرتی مندھانا اور مڈل آرڈر بلے باز ہرمن پریت کور نے شاندار سنچری بناتے ہوئے 184 رنوں کی زبردست شراکت داری کی اور ٹیم کو مکمل 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنوں کے بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے آؤٹ ہونے سے قبل بالترتیب 123 اور 109 رنز بنائے۔ 318 رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے اوپنرز نے طوفانی شروعات کرتے ہوئے فقط 12 اورز میں ہی 100 رنز بنا ڈالے مگر جب 100 رنوں پر پہلا وکٹ گرا تو پوری ویسٹ انڈیز ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور پورے 50 اوورز بھی کھیلنے سے قاصر رہی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر ڈائنڈرا ڈوٹن نے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے۔ 162 رنوں پر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو سمیٹنے میں سبھی بھارتی گیندبازوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔ اسپنر اسنیہ رانا نے 3 وکٹ جبکہ تیز گیندباز مینگھنا سنگھ نے 2 وکٹ لیئے علاوہ ازیں جھولن گوسوامی، راجیشوری گائیکواڑ اور پوجا ویسترکر نے 1-1 وکٹ اپنے نام کیئے۔

جھولن گوسوامی نے بنایا عالمی ریکارڈ
1 وکٹ لے کر تیزگیندباز جھولن گوسوامی نے خواتین کے عالمی کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انھوں نے سابق آسٹریلیائی خاتون اسپن گیندباز لن فولسٹن (39 وکٹس) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے خاتون عالمی کپ میں 40 وکٹیں پوری کیں۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!