راجستھان

بے جا اور غیر شرعی رسم ورواج سے پرہیز انتہائی ضروری: پیرسیدنوراللہ شاہ بخاری

باڑمیر: 24 فروری
۲۳ فروری ۲۰۲۲ عیسوی بروز:بدھ جناب محمدیعقوب خان قادری نے اپنے گاؤں لالاسر،گڈراروڈ، ضلع:باڑمیر میں اپنے مرشدان طریقت سلسلۂ عالیہ قادریہ سانگراشریف بالخصوص سلسلۂ قادریہ کے بانی پیرپیراں، میرمیراں سیدناسرکارمحی الدین عبدالقادرجیلانی کی یاد میں عظیم الشان پیمانہ پر انتہائی عقیدت واحترام اور شان وشوکت کے ساتھ "جشن غوث اعظم دستگیر” کا انعقاد واہتمام کیا-جس میں باڑمیرو جیسلمیر اور جودھپور کے بہت سے علمائے کرام،سیاسی وسماجی لیڈران و دانشوارنِ قوم وملّت کے ساتھ ہزاروں عوام اہلسنّت نے شرکت کی-
اس جلسہ میں "جلسۂ غوث اعظم” کے خصوصی خطیب نورالعلماء شیخ طریقت حضرت علّامہ الحاج سیّد نوراللّٰہ شاہ بخاری مدظلہ العالی مہتمم وشیخ الحدیث:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ "ہم سبھی مسلمانوں کو چاہییے کہ اپنے دلوں میں خشیت ربانی پیداکریں اور ساتھ ہی ساتھ اللّٰہ ورسول [جل جلالہ/صلی اللہ علیہ وسلم] کی محبت، اہلبیت اطہار،صحابہ وتابعین نیز اولیائے کرام[رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین]کی محبت جاگزیں اور اپنے مرشدان طریقت کی تعظیم وتکریم اور ان سے الفت ومحبت کریں،مگر محبت صحیح معنوں میں کریں،اور صحیح محبت یہ ہے کہ ہم محبت کے تقاضوں پر غور کر کے اس پر عمل پیرا ہوجائیں ورنہ محض محبت کادعویٰ کسی کام کا نہیں،اور محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کے فرمودات وارشادات پر عمل کریں”-
آپ نے دوران خطاب [کچھ معززین کی فرمائش پر] پردہ کے تعلق سے بہت ہی ناصحانہ باتیں کیں،اور ساتھ ہی ساتھ علاقۂ تھار میں مروّجہ کچھ بے جا وغیر شرعی رسم ورواج کی آپ نے نشاندہی کرتے ہوئے ان سے بچنے کی تاکید وتلقین کی-
آپ نے اپنے آخری جملوں میں ان چیزوں کے بارے میں عمدہ نصیحت کیا-
(1):اپنے بچوں کی دینی وعصری تعلیم پر خوب توجہ دیں،کیونکہ تعلیم روشنی ہے اور جہالت تاریکی-
(2):آپسی اتفاق واتحاد ہر حال میں برقرار رکھیں کیونکہ "اتفاق زندگی ہے اور اختلاف موت”
(3):خوب عبادت کریں،خصوصاً نماز پنجگانہ باجماعت کی پابندی کریں،جملہ اوامرشرعیہ پر عمل اور منہیات سے پرہیز کریں-اپنے سے بڑوں کی تعظیم اور چھوٹوں پرشفقت اور اپنے والدین کی خدمت کرنے کے ساتھ علمائے کرام کا ادب واحترام کریں- (4):اپنے بچوں کا نکاح وقت پر کریں یعنی جب آپ کے بچے شادی کے لائق ہوجائیں توان کی شادی میں بالکل تاخیر نہ کریں،اور سنت رسول پر عمل کرتےہوئے شادیوں میں بالکل فضول خرچی نہ کریں-(5)اپنے عزیزواقارب میں کسی کی موت کے بعد بے جارسم ورواج سے پرہیز کریں اور ہرگز ہرگز ایسے مواقع پر فضول خرچی اور تضییع مال نہ کریں اور اگر اللّٰہ تعالیٰ نے آپ کو مال ودولت سے نوازا ہے تو اسے اپنے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے صحیح مصارف میں خرچ کر کے خود بھی ثواب دارین کے مستحق ہوں-
آپ کے خطاب سے قبل ان حضرات نے بھی اصلاح معاشرہ،دینی وعصری تعلیم کی اہمیت،ضرورت اور فضیلت،اور تعلیمات اولیائے کرام جیسے عنوانات پر عمدہ خطابات کیے-
خطیب ذی شان حضرت مولانا محمدآدم صاحب قادری اشفاقی، الجامعة الاسحاقیہ[اشفاقیہ ہاسٹل] جودھپور،سابق قاضئِ شہر پالی حضرت مولانا محمد ایوب صاحب اشرفی،علی نگر،ہاتھمہ،حضرت مولاناعلی حسن صاحب قادری مدرس:دارالعلوم اسحاقیہ جودھپور، حضرت مولانا ولی محمد صاحب صدرالمدرسین:دارالعلوم فیض غوثیہ کھارچی،حضرت مولانا کمال الدین صاحب غوثوی سوڑیار-مولاناریاض الدین صاحب سکندری انواری جب کہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤ شریف ودارالعلوم فیض غوثیہ کے کچھ طلبہ نے نظم ونثر کی صورت میں خراج عقیدت پیش کرنے کاشرف حاصل کیا-
نظامت کے فرائض مشترکہ طورپرحضرت مولانا محمدحسین صاحب قادری انواری نگراں:شاخہائے دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف و مولانا محمدیوسف صاحب قادری دیراسر نے بحسن وخوبی انجام دیا-
اس جلسہ میں یہ حضرات خصوصیت کے ساتھ شریک ہوئے-
حضرت سیدصحبت علی شاہ مٹاری عالَمسر،
حضرت مولانا الحاج سخی محمد صاحب قادری بیساسر،، حضرت مولانا محمدشمیم احمد صاحب نوری مصباحی سہلاؤشریف،حضرت مولاناالحاج محمدرمضان صاحب قادری، مولاناعبدالحکیم صاحب قادری جھیلون،مولانا محمدحاکم قادری،قاری محمدیامین قادری انواری دیتانی،قاری ارباب علی قادری انواری،مولانا مرادعلی قادری انواری،مولانا عبدالوکیل قادری انواری لالاسر،مولاناعبدالمجید قادری کریم کاپار ،مولانادلدارحسین انواری، مولانامحمدعرس سکندری انواری، الحاج خلیفہ روشن خان خلیفہ کی باؤڑی،جناب محمد سلمان خان پردھان گڈراروڈ،حاجی کبیرخان توگا جیسلمیر وجناب صدیق خان دھوبلی وغیرہم-
صلوٰة وسلام اور قبلہ پیرسیّدنوراللہ شاہ بخاری کی دعا پر یہ جلسہ اختتام پزیر ہوا۔

رپورٹ:محمدنصیر انواری
متعلم درجۂ فضیلت:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف، باڑمیر(راجستھان)

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!