انتقال و تعزیت بارہ بنکی

مولانا اسرار وارثی کے انتقال پر تعزیتی جلسہ کا انعقاد

سعادت گنج،بارہ بنکی (پریس ریلیز)
بزمِ ایوانِ غزل کی جانب سے آج فیضان العلوم انٹر کالج میں ضلع کے ایک بہت ہی فعال و عظیم عالم و شاعر کے انتقال سے متعلق تعزیتی جلسہ حاجی بدرالدجٰی کی صدارت اور کلیم طارق کی نظامت میں منعقد ہوا جس میں علاقہ کے معزز دانشور، ادب دوست اور شعراء شریک ہوئے۔
جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے صدرِ جلسہ بدرالدجٰی بدر صاحب نے مرحوم مولانا اسرار وارثی صاحب سے اپنے دیرینہ تعلقات اور وقتاً فوقتاً ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کے منجملہ اوصاف کا بیان کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عالم و شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت درجہ خلیق،ملنسار اور بذلہ سنج بھی تھے اپنی طرزِ گفتگو سے غمگین سے غمگین شخص کے لبوں پر تبسم اگا دہنے کے ہنر میں بہت ماہر تھے اللّہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلٰی مقام عطا فرمائے۔
استاد شاعر محترم طارق انصاری صاحب نے کہا کہ مرحوم و مغفور مولانا اسرار وارثی صاحب سے میرے بہت ہی زیادہ قریبی اور دوستانہ تعلقات تھے مولانا کی نظامت میں میں نے بے شمار نعتیہ مشاعرے پڑھے اور اکثر و بیشتر ضلع کی مختلف ادبی تنظیموں کے ماہانہ طرحی مشاعروں میں بھی مولانا مرحوم کا ساتھ رہا ان کے انتقال کے بعد میں اپنے آپ کو ادھورا و تنہا محسوس کر رہا ہوں آج ہم سب نے ایک بہت ہی قیمتی علمی و ادبی نگینہ کھو دیا ہے اللٰہ مرحوم کی مغفرت فرما کر اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عنایت فرماتے ہوئے اہل ِ خانہ اور متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
بارہ بنکی سے نکلنے والے ہفت روزہ "صدائے بسمل” کے ایڈیٹر اور انٹر نیشنل شاعر ذکی طارق بارہ بنکوی نے مولانا اسرار وارثی کے سانحہء ارتحال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے انتقال کی خبر سنتے ہی میرے حواس باختہ ہو گئے اور انتہائی درجہ رنج پہنچا نیز طبیعت میں سکتہ سا پیدا ہوگیا اور زبان سے برجستہ نکلا اناللٰہ واناالیہِ راجعون۔
ارشاد انصاری نے کہا کہ مولانا اسرار وارثی کے انتقال سے ہمارے ضلع بارہ بنکی نے ایک نایاب شخصیت کھو دی ہے اللٰہ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
ناظمِ جلسہ اور معروف شاعر کلیم طارق نے کہا کہ مولانا اسرار وارثی صاحب کے انتقالِ پُر ملال سے ضلع کا ایک ناتلافی ملی، دینی ، سماجی اور ادبی نقصان ہوا ہے اللٰہ کریم مولانا کی مغفرت فرمائے اور جملہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ دیگر شرکاء جلسہ میں مشتاق بزمی، اثر سیدنپوری، نازش بارہ بنکوی، بیڈھب بارہ بنکوی، اسلم سیدنپوری، سحر ایوبی اور مولانا فرمان مظاہری کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے