بین الاقوامی مذہبی گلیاروں سے

سہ ماہی مجلہ "خاتم النبیینﷺ” برھان شریف کا اجراء

بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین

تمنا ہے کہ اس دنیا میں کوئی کام کر جاؤں
اگر کچھ ہو سکے تو خدمت اسلام کر جاؤں

قلم و قرطاس کی اہمیت وافادیت اظہر من الشمس ہے۔ قوموں کے عروج وزوال میں قلم کے کردار سے انکار ممکن نہیں، اصلاح فکر ونظر اور پختگئ عقیدہ توحید ورسالت میں قلم کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ ہر دور میں ہمارے اکابرین جہاد بالسیف کے ساتھ ساتھ جہاد بالقلم کے محاذ پر بھی سرگرم عمل رہے ہیں۔
عقیدۂ ختم نبوت اور ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحفظ میں ہمارے اکابرین کا کردار آب زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ آج پھر فتنۂ قادیانیت اور اس کی ذریت پرپرزے نکال رہی ہے۔ ستم ظریفی اور ظلم کی انتہا ہے کہ سیکولر اور لبرل طبقے کی انہیں پشت پناہی بھی حاصل ہے، ہمیں عقیدۂ ختم نبوت کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے۔ ہر شعبۂ زندگی اور ہر محاذ پر اس کی حفاظت میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
اگرچہ ہمارے کئی اہل علم و قلم نہایت مستعدی سے عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ میں مصروف کار ہیں، لیکن اس فتنۂ خبیثہ کا اس وقت تک قلع قمع نہیں ہو سکتا جب تک ہمارے تمام علماء ومشائخ بھی میدان عمل میں نہیں آتے۔
الحمدللہ، ناچیز ہیچ مدان اپنی بساط کے مطابق سعی ناتمام کررہا ہے۔ ماہ نامہ مجلہ”الحقیقہ” پاکستان کی ادارت کی سربراہی فقیر کے حصے میں ہے اور اس کا نہایت عظیم وضخیم”تحفظ ختم نبوت نمبر” نکالنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، ابھی اس کی دو جلدیں شائع ہوئی ہیں، تیسری جلد پر کام جاری ہے۔
ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل کی سرپرستی کی سعادت بھی ناچیز کو حاصل ہے۔ محافظ ختم نبوت امیر المجاھدین حضرت علامہ مولانا حافظ خادم حسین رضوی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات وخدمات کے حوالے سےاس کا بھی نہایت ضخیم”
امیر المجاھدین نمبر” نکالنے کی سعادت نصیب ہوئی ہے۔ اب مخلص احباب کے تعاون سے مملکت خداداد پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے خطۂ برھان شریف سے ایک سہ ماہی”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم” کا اجراء بہت جلد رواں سال عمل میں لانے کا قوی ارادہ ہے۔ یہ صرف "عقیدۂ ختم نبوت” کے لئے مختص رہے گا۔ دیگر موضوعات کے لئے ہمارے دوسرے جرائد ورسائل حاضر ہیں۔ اس میں عقیدۂ ختم نبوت کے حوالے سے کام کرنے والی سنی تنظیموں کا تعارف، اکابرین ختم نبوت، کتابیات ختم نبوت منظومات ختم نبوت اور ان جیسے عنوانات شامل کئے جائیں گے۔
یہ مجلہ بھی انٹر نیشنل سطح پر جاری وساری رہے گا۔ اسے کتابی صورت میں شائع کیا جائے گا اور یہ آن لائن بھی رہے گا۔
آتے ہیں غیب سے یہ مضامین خیال میں
اہل سنت کے باذوق اہل علم و قلم کی توجہ اس جانب مبذول کروائیں وہ میدان عمل میں آئیں اور اس قلمی محاذ پر ہمارا ساتھ دیں۔
یہ پیغام بندہ ناچیز ہیچ مدان علالت کی حالت میں جاری کر رہا ہے۔ اپنی دعاؤں، عطاؤں، وفاؤں اور نگاہوں میں ناچیز کو ہمیشہ یاد رکھیں۔۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل ہم سب کو اپنے آقا و مولا حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دم آخریں تک وفا کرنے کی توفیق رفیق عطا فرمائے اور ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔

گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ
"خلیفۂ مجاز بریلی شریف”
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و "ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(4/رجب المرجب 1443ھ/6/فروری 2022ء بروز اتوار بوقت 2:50ظہر)

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے