(علی گڑھ،25 جنوری، ضیاء الرحمن) البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ علی گڑھ میں خلیفہ اول، امیرالمومنین سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی شان میں حضرت سید محمد امان میاں قادری دام ظلہ العالی کے زیر صدارت ایک محفل کا انعقاد کیا گیا،
محفل کا آغاز مولانا قاری ساغر جمیل مرکزی کی تلاوت سے ہوا پھر مولانا شاداب رضا مصباحی اور مولانا ناظم برکاتی نے نعت و منقبت کے نذرانے پیش کیے،
جناب عرفان برکاتی نے احادیث طیبہ کی روشنی میں شان صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام صحابہ میں سب سے افضل و اعلیٰ ہیں، آپ کی خلافت بلافصل پر تمام صحابہ کا اجماع ہے،
مولانا عاصم القادری علی گڑھی نے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی حیات طیبہ کے چند اہم پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی پوری زندگی نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور دین کی سربلندی کے لیے وقف کر دی تھی، دین اسلام کی خاطر آپ نے اپنی جان، مال اور اولاد سب کو قربان کر دیا، آپ کی جاں نثاری رہتی دنیا تک یاد کی جائے گی،
مفتی عبدالمصطفی مصباحی نے خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی زندگی سے ملنے والے چند اہم اسباق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی زندگی سے محبت رسول، سچی دوستی،صدق و صفا، اخلاق و کردار کی بلندی، جاں نثاری، فکر آخرت اور اولاد کی بہترین تربیت وغیرہ کا سبق ملتا ہے، ہمیں چاہیے کہ ان سب پر عمل کریں اور دوسروں تک پہنچائیں،
شیخ نعمان احمد ازہری ناظم دینیات البرکات پبلک اسکول نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ تمام امتیوں کے سر کے تاج ہیں، اہل مکہ میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی عظمت و بزرگی کے چرچے تھے، اور آپ کے دور خلافت کے بڑے کارناموں میں جیش اسامہ کا نفاذ، مانعین زکوٰۃ اور گستاخان رسول کی سرکوبی، تدوین قرآن، مرتدین سے معرکہ آرائی کا ذکر کیا،
آخر میں ادارے کے ڈائریکٹر سید محمد امان قادری برکاتی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور صدارتی کلمات میں فرمایا کہ انبیاء کے بعد سب سے افضل و اعلیٰ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی ذات پاک ہے، آپ کی افضلیت پر سرکار نور سید شاہ ابوالحسین احمد نوری مارہروی علیہ الرحمۃ و الرضوان کی تصنیف لطیف "دلیل الیقین من کلمات العارفين” کا تعارف کرایا، اس کے دیباچے (مکتوبہ فیصل خاں رضوی) سے ایک اقتباس بھی پیش کیا، جس میں اس بات کا ذکر ہے کہ صالحین اور صوفیاے امت آپ کی افضلیت کے قائل ہیں، اور کہا کہ ہمیں آپ کی زندگی کو خوب پڑھنے اور اس کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے، صلاۃ و سلام اور آپ کی ہی دعا پر محفل کا اختتام ہوا،
مفتی محمد جنید مصباحی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی شان صدیقیت کو بہترین انداز میں پیش کیا، اس محفل میں سید مصطفیٰ علی قادری، ڈاکٹر سلمان رضا علیمی، مولانا ساجد نصیری،مولانا شمشاد اجمل قادری، مولانا ضیاء الرحمٰن امجدی، مولانا غلام مرسلين اشرفی، مولانا بلال فانی، مولانا سید اوصاف علی مجددی، مولانا محمد عارف رضا نعمانی مصباحی، قاری شعیب رضا، حافظ محمد عامر،حافظ راشد برکاتی،حافظ محمد مونس، سید چاہت علی ادارے کے طلبہ اور دیگر حضرات موجود رہے. مذکورہ خبر ضیاء الرحمن امجدی علی گڑھ نے نمائندہ کو بذریعہ ای میل دیا.