تحفظِ ناموس رسالت ﷺ کے لیے اعلیٰ حضرت کی خدمات مشعلِ راہ
اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کے سنگ بنیاد کی مناسبت سے "تحفظ ناموس رسالت ﷺ اور امام احمد رضا” کے عنوان پر اہم اجلاس
مالیگاؤں: ہم جہاں رسول اللہ ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ و عفو کا تذکرہ کرتے ہیں؛ وہیں وہ حدیثیں بھی بیان کریں جن میں رسول اللہ ﷺ کے گستاخ سے سختی کا حکم ہے- ناموسِ رسالت ﷺ کے لیے ہم نے بیداری کا مظاہرہ کیا تو ہمیں مٹانے والے خود مٹ جائیں گے- اس طرح کا اظہارِ خیال ١٣ دسمبر ٢٠٢٠ء اتوار کی شب شہزادۂ غوث اعظم حضرت سید عبدالقادر جیلانی میاں نے کیا- "اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر” کے سنگِ بنیاد کے موقع پر معینیہ مسجد میں منعقدہ پُر ہجوم اجلاس سے آپ نے یہ پیغام دیا کہ بزرگوں سے عقیدت کا تقاضا ہے کہ تصلبِ دینی کی راہ اختیار کی جائے- مسلک اعلیٰ حضرت پر قائم رہ کر دین کی نشر و اشاعت کی جائے- آپ نے اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کے تعمیری پروجیکٹ کی تکمیل و وسائل کے لیے دعائیں دیں- نوری مشن کی اشاعتی سرگرمیوں پر تہنیت فرمائی-
ازیں قبل مولانا محمد نورالحسن مصباحی نے اپنے مدلل خطاب میں کہا کہ تحفظِ ناموس رسالت ﷺ کے لیے اعلیٰ حضرت کی خدمات مشعلِ راہ ہیں- آپ نے کتاب و سنت کی روشنی میں تعظیم نبوی ﷺ کے کئی پہلو اُجاگر کیے اور فرمایا کہ تکریم بارگاہِ رسالت ﷺ کے لیے صحابۂ کرام نے غیرت و حمیت کا مظاہرہ کیا-
مولانا مدثر حسین ازہری نے اپنے ناصحانہ خطاب میں کہا کہ والدین بچے کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں – حضور غوث اعظم کی سیرت مثل آئینہ ہے- ان کی تربیت میں انکے عظیم والدین کا اہم کردار رہا ہے- بچوں کی تربیت کے لئے فکر سازی وقت کی ضرورت ہے جس کے لیے نوری مشن نے اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کا قیام عمل میں لانے کا عزم کیا-
مولانا عبیداللہ خان مصباحی نے اپنے سنجیدہ خطاب میں کہا کہ مسئلۂ تکفیر میں اعلیٰ حضرت نے اسلاف کی محتاط راہ اختیار کی اور دین کی حفاظت کی- جس پر متعدد تصانیف موجود ہیں-
غلام مصطفٰی رضوی نے کہا کہ جہان بھر میں اعلیٰ حضرت کا حبِ رسول ﷺ سے لبریز نغمہ "مصطفٰی جان رحمت پہ لاکھوں سلام” گونج رہا ہے؛ اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کے قیام کی پشت پر یہی جذبہ کار فرما ہے کہ "جہاں میں عام پیغام شہ احمد رضا کر دیں”؛فروغ فکر رضا کے اس کارواں کی سرپرستی علامہ قمرالزماں اعظمی اور علامہ محمد ارشد مصباحی (بانی و سربراہ اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل یوکے) فرما رہے ہیں- اس موقع پر اعلیٰ حضرت کا مقبول عام ترجمہ قرآن کنزالایمان علمائے کرام کی خدمت میں بدستِ حضرت سید عبدالقادر جیلانی میاں پیش کیا گیا- جسے نوری مشن نے اپنی ١٢٦ ویں اشاعت کے بطور شائع کیا- یوں ہی یہ اعلان کیا گیا کہ یہ نسخہ سید اظہار اشرف نگر آگ متاثرین میں تحفتاً دیا جائے گا-
حضرت سید عبدالقادر جیلانی میاں کے بدست نوری مشن ناسک کی ہندی اشاعت "غوث اعظم” (مختصر سوانح) کا اجراء ہوا؛ جسے علامہ محمد فیض احمد اویسی علیہ الرحمۃ نے قلم بند کیا ہے- بزمِ نور کا آغاز حافظ عبدالرحمٰن اشرفی کی تلاوت سے ہوا- عبدالمطلب، امتیاز صابری اور ہاشم رضا نے نعت خوانی کی- سلام اور حضرت سید عبدالقادر جیلانی میاں کی رقت انگیز دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا- اخیر میں نوری مشن کی اشاعت "باتیں جو زندگی بدل دیں” تقسیم کی گئی- اہم شرکا میں حافظ اظہار رضوی، حافظ محمد مبین، حافظ محمد شاہد رضا، حافظ محمد نوید، حافظ تجمل حسین امجدی، حافظ فہیم احمد، حافظ احسان رضا، حافظ مجاہد احمد، قاری محمد سعید برکاتی، حاجی محمد یوسف الیاس، کاملی محمد اشفاق، ڈاکٹر مشاہد رضوی، پروفیسر حامد رضا، حاجی سلیم رنگاڑی، عمران تابانی، نعیم احمد شامل ہیں- جب کہ بزم آراستہ کرنے میں نوری مشن کے فرید رضوی، معین پٹھان، یاسین رضوی، شہزاد برکاتی، شیخ شاداب رضوی، سعد رضوی، زید رضا، ارشد رضوی نے اہم کردار ادا کیا-