دبئی: 11 نومبر، ہماری آواز(کرکٹ)
متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل مقابلہ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ جہاں اس کا مقابلہ پڑوسی ملک نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔ آسٹریلیا نے یہ ہدف آخری اوور باقی رہتے ہوئے ہی حاصل کر لیا۔
19ویں اوور کی تیسری گیند پر حسن علی کے ذریعہ کیچ چھوڑے جانے کے بعد میتھیو ویڈ نے لگاتار تین چھکے لگائے اور میچ آسٹریلیا کی گود میں آ گیا۔ 177 رنز کے تعاقب میں اتری آسٹریلیا کا آغاز انتہائی خراب تھا اور ایرون فنچ بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔ جلد ہی آسٹریلوی بلے باز وکٹیں گرنے کے باوجود رنز بناتے رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔ یہ اسکور حاصل کرنا کنگاروؤں کے لیے آسان نہیں تھا مگر حسن علی کی ایک بڑی غلطی نے پاکستان کا دم توڑدیا۔
اس کے دل سے ہوچھیئے ناکامیوں کی لذتیں
جو مسافر لٹ گیا ہو آکے منزل کے قریب
گزشتہ میچوں کی طرح کپتان بابر اعظم (39) اور محمد رضوان (67) نے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد انتہائی ضروری موقع پر 71 رنز جوڑ کر پاکستان کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ اور اس آغاز پر فخر زمان (ناٹ آؤٹ 55) جو کہ پچھلے زیادہ تر میچوں میں ناکام رہے تھے، نے بہت اچھے انداز میں بلے بازی کی۔ آصف علی صفر اور ملک ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آخری اووروں میں فخر زمان نے آسٹریلیائی گیندباز سٹارک اور ہیزل ووڈ کو خوب دھویا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی جو کنگاروؤں کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا لیکن آسٹریلیا نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے یہ ہدف حاصل کر لیا اور فائنل میں رسائی حاصل کر لی جہاں وہ اتوار کو نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ اور اس بار ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ایک نئی ٹیم فاتح بن کر آئے گی۔

